ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسان تحریک کو ایک سال مکمل، 29 نومبر کی ٹریکٹر ریلی پر سیکورٹی سخت

کسان تحریک کو ایک سال مکمل، 29 نومبر کی ٹریکٹر ریلی پر سیکورٹی سخت

Sat, 27 Nov 2021 11:48:03    S.O. News Service

نئی دہلی،27؍ نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) تین زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کو آج ایک سال مکمل ہو گیا۔ کسانوں کا احتجاج جو ایک سال پہلے شروع ہوا تھا، اب بھی جاری ہے، حالانکہ حکومت نے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے، لیکن اب کسان ایم ایس پی پر گارنٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

زرعی قوانین کی منسوخی کے اعلان کے بعد بھی کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ 29 نومبر کو کسان پارلیمنٹ کی طرف ٹریکٹر ریلی نکالنے والے ہیں، جس کے پیش نظر غازی پور بارڈر پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسان 29 نومبر کو پارلیمنٹ تک ٹریکٹر مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ کسان دہلی سے امرتسر کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، سردی سے بچنے کے لیے کسانوں نے اپنی ٹرالی کو باہر سے ڈھک دیا ہے، جبکہ ٹرالی کے اندر پرالی بچھا دی گئی ہے، تاکہ سردی سے بچا جا سکے۔ اس معاملے پر کسانوں کے رہنما راکیش ٹکیت نے کہا کہ فی الحال احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہندوستانی حکومت مذاکرات نہیں کرتی، معاوضہ نہیں دیا جاتا اور ایم ایس پی گارنٹی کا قانون نہیں لایا جاتا۔

نیز پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران کانگریس نے ایک ایک کرکے تمام مسائل اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر میٹنگ کے بعد ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ایم ایس پی مسئلہ، لکھیم پور کھیری مسئلہ، مہنگائی، پٹرول-ڈیزل، جموں و کشمیر سمیت تمام مسائل کو اٹھایا جائے گا۔


Share: